ایرانی شہر سراوان میں 9 پاکستانی مزدور قتل

ایران کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق پاکستانی سرحد  سے ملحقہ ایرانی کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی مزدوروں کو قتل کیا۔

مقامی بلوچ رائٹس گروپ کا کہنا ہے کہ واقعے میں مزید 3 افراد زخمی ہوئے اور متاثرہ جاں بحق و زخمی افراد پاکستانی مزدور تھے جو مقامی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور وہیں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔

مہر ایجنسی کے مطابق اب تک کسی گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

جاں بحق افراد کا تعلق مظفر گڑھ اور لودھران سے ہے

ایران میں فائرنگ سے جاں بحق 5 افراد کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔

 جاں بحق افراد کے لواحقین نے اسسٹنٹ کمشنر علی پور سے رابطہ کیا اور مطالبہ کیاکہ لواحقین کی میتیں لانےمیں مدد کی جائے۔

جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 2 مزدوروں کا تعلق لودھراں کےعلاقےگیلے وال سے ہے، لودھراں کے رہائشی زبیر اور اس کا بھانجا ابوبکر مزدوری کیلئے ایران گئے تھے۔

ایران میں میں پاکستانی سفیر کی تصدیق

دوسری جانب ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی واقعے میں 9 پاکستانی مزدروں کے قتل کی تصدیق کی اور کہا کہ سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پرگہراصدمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مددکرےگا، زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل جائے حادثہ اوراسپتال کادورہ کرچکے ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھاکہ ایران سے پاکستانیوں کے قتل کے واقعے پر مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کے بعد گزشتہ روز ہی پاکستان اور ایران کے سفارتی تعلقات مکمل بحال ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں