رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز آج ہو گیا ہے جس میں جنون گروپ اور فواد خان سمیت دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔

پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق آج 8 بجکر 45 منٹ پر دبئی میں شروع ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد سمیت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

احسان مانی نے پی ایس ایل منعقد کرانے پر یو اے ای کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایونت منعقد کرانے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

جنون گروپ نے اپنا مشہور زمانہ ’اے جذبہ جنون‘ گا کر شائقین کے دلوں کو گرمایا اور خوب داد وصول کی۔ 

فواد خان نے پی ایس ایل کا تھیم سانگ ’چل جوش دکھا دے تو‘ گایا جب کہ آئمہ بیگ نے بھی اسٹیج پر پرفارم کیا۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یو اے ای کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو یو اےای میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز یو اے ای کے تین میدانوں میں ہوں گے جب کہ آخری میچز پاکستان میں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں