سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتے، مینڈیٹ معاشی مسائل تک محدود ہے: نمائندہ آئی ایم ایف کا عمران خان کے خط پر ردعمل

اسلام آباد: پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے عمران خان کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔

ایک بیان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیرز نے کہا کہ آئی ایم ایف کو پی ٹی آئی کی جانب سے 28 فروری کو خط ملا یہ خط پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق ہے۔

ایسٹر پیرز نے کہا کہ آئی ایم ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جس کا مینڈیٹ معاشی مسائل تک محدود ہے لہٰذا آئی ایم ایف مقامی اور سیاسی مسائل پر تبصرہ نہیں کرتا۔

نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری انگیجمنٹ کا مقصد مالی استحکام ہے، ہمارا مقصد شہریوں کے فائدے کے لیے پائیدار اور جامع ترقی ہے، ہمارا مقصد مضبوط پالیسیوں کے نفاذ کی حمایت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا جس کی تصدیق انہوں نے خود کی تھی۔

عمران خان نے خط میں آئندہ بیل آؤٹ پیکج کے وقت پاکستان کےسیاسی استحکام کو مدنظررکھنے کی درخواست کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے عمران خان کے آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط کو سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں