ملک میں کورونا سے مزید 33 اموات، 1204 نئے کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 33 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 969 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 45002 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 345 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 299 اور پنجاب میں 273 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 38 ، اسلام آباد 9، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

کُل ٹیسٹ: 400،292
صحتیاب مریض: 
12،489(کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 1204 کیسز اور 33 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 706 کیسز 19 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 324 کیسز 11 ہلاکتیں، بلوچستان 128 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 37 کیسز 2 ہلاکتیں، گلگت بلتستان میں 6 کیسز اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا کے مزید 706 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 19 افراد انتقال کرگئے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ نے کی۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3803 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 706 نئے مریض سامنے آئے جب کہ پچھلے 24گھنٹوں میں19 مریض انتقال کر گئے۔ 

اس طرح صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 17947 اور ہلاکتیں 299 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ  19 مارچ کو کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی اور آج اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید  252 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس سے   صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4741 ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج اب تک کورونا کے مزید 128 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2820 ہوگئی ہے جب کہ 38 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 524 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1034 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 113 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورنا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو  سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 115 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 77 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں پیر کو کورونا کے مزید 1392 کیسز اور 21 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 15976 ہوگئی ہے جب کہ 273 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبے میں اب تک 4918 سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس سے مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 345 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق منگل کو صوبے میں کورونا کے مزید 324 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6554 ہوچکی ہے۔ 

کے پی میں 2058 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

منگل کو گلگت بلتستان میں مزید 6 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 556 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 390 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں