نابینا برٹش پاکستانی سیرین جہانگیر کی ’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘ میں جادوئی پرفارمنس

14 سالہ نابینا برٹش پاکستانی گلوکارہ سیرین جہانگیر کی کانوں میں رس گھولتی آواز نے ’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘  کے سیمی فائنل مقابلے کے ججز کو بھی یہ کہنے پر مجبور کر دیا کہ یہ پرفارمنس جادوئی تھی۔

کمسن برٹش پاکستانی نابینا گلوکارہ سیرین جہانگیر نے گزشتہ روز موسیقی کے اس بڑے مقابلے میں اپنی سریلی آواز اور شاندار پرفارمنس کے ذریعہ لاکھوں دل جیت لیے۔

سیرین کی بہترین پرفارمنس پر ججوں نے ’منفرد‘، ’جادوئی‘ اور ’خصوصی‘ کے خطابات سے نوازا۔ سیرین جہانگیر نے اس مقابلے کے سیمی فائنل شو میں شرکاء کو مبہوت کرکے رکھ دیا۔ 

14سالہ سیرین جہانگیر وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ دوست اور برطانیہ اور یورپ میں تجارت وسرمایہ کاری سے متعلق ان کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر کی پوتی ہیں۔

فوٹو: فائل 

’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے میزبان اینٹ اورڈیک نے یہ بات نوٹ کی کہ سیرین کی پرفارمنس کے دوران تمام شرکاء پر مکمل سکوت چھایا رہا اور ساتھ جج بھی ان کی پرفارمنس سے مبہوت ہوکر رہ گئے اور یہ سکوت ان کے سیمی فائنل کی پرفارمنس کے اختتام پر اس وقت ٹوٹا جب محفل میں شریک ہر شخص سیرین کے ساتھ رو نے لگا۔

پرفارمنس کے اختتام پر سیرین پیانو سے اٹھی اور اس کے والد کفیل جہانگیر اسے اسٹیج کے وسط میں لے کر آئے جہاں ججوں اورشرکاء نے کھڑے ہوکر انھیں ان کی یادگار پرفارمنس پر خود داد دی، ان کی ناقابل فراموش پرفارمنس کی برطانیہ کے مقبول شوز کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ 

ججوں نے بھی اس کی پرفارمنس کی تعریف میں کسی بخل سے کام نہیں لیا، ایک جذباتی خاتون امانڈا ہولڈین نےکہا کہ سرین جادوئی ہے، یہ فرشتہ ہے، انتہائی خوبصورت گانا سنایا، میں سمجھتی ہوں کہ تمہارے اندر کوئی منفرد خوبی ہے، میں سمجھتی ہوں کہ تم بہت بلندی پر جاؤ گی۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں