نگران پنجاب حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کردی

لاہور: پنجاب کی نگران حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزا معطل کردی۔

نگران پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سزا معطلی کی منظوری دی ہے، نگران وزیر اطلاعات عامر  میر  نے نواز شریف کی سزا معطلی کی تصدیق کر دی ہے۔

عامر میرکے مطابق نگران کابینہ نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سزا معطل کی، کرمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت نواز شریف کی سزا معطل کی گئی ہے۔

 سزا معطلی کی درخواست نواز شریف کی جانب سے دی گئی تھی۔

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہےکہ کیس کا حتمی فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کرمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت حکومت کسی بھی مجرم کی سزامعاف کرنےکا اختیار  رکھتی ہے،نواز شریف کی 2019 میں لندن روانگی سے قبل بھی سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کی گئی تھی۔

جناح اسپتال لاہور کے دورے کے موقع  پر میڈیا سے گفتگو  کے دوران  نگران  وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  سزا  سے متعلق عثمان بزدار  حکومت میں ایک درخواست آئی تھی، بزدار حکومت نے  بغیر  سنے درخواست مسترد کردی تھی، ہم نے صرف یہ کیا ہےکہ ہم نے انہیں کورٹ ریفر کر دیا ہے، اب کورٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ان کی ضمانت رہےگی یا نہیں۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ  گزشتہ حکومت نے کہا کہ ہم آپ کا موقف نہیں سن رہے اور ریجیکٹڈ، ہم نے یہ درخواست کورٹ میں بھیج دی ہے،  401 کے تحت پہلے بھی ہوتا رہا ہے  اور  ہم نے کورٹ کو ریفر کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو  العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں