نیوزی لینڈ ٹیم کے واپس جانے میں بھارت کا ہاتھ ہے: شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ نیوزی لینڈ ٹیم کے واپس جانے میں بھارت کا ہاتھ ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے اور بہت سارے امتحان ہوسکتے ہیں لیکن ہم سرینڈر نہیں کریں گے،  ہم دنیا کے ساتھ ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کا ساتھ دیا جائے، افغانستان کے لیے بارڈر پر خصوصی اقدامات کیے ہیں جب کہ ہم طالبان کی کوئی عسکری مدد نہیں کررہے ہیں یہ الزام بکواس ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے نصیب میں دھکے ہیں جب کہ سلیمان شہباز کو کلین چٹ ملی ہے تو وطن واپس آئیں۔

شیخ رشید نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ن سے ش ہی نہیں م بھی نکلے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی اتنی بڑی فوج نہیں جتنی ٹیم کو ہم نے سکیورٹی دی تھی، نیوزی لینڈ ٹیم کے واپس جانے میں بھارت کا ہاتھ ہے، نیوزی لینڈ کے معاملے پر بھارت نے غلط خبریں پھیلائیں، بھارت کو جس انداز میں ناکامی ہوئی ہے ان کا چہرا بے نقاب ہو گیا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہم کرکٹ کے شوقین ہیں پر ہم اس کے لیے مرے بھی نہیں جا رہے، ایسا نہیں ہے کہ کرکٹ نہیں ہوئی تو کوئی ہم نے دن کی روٹی نہیں کھائی۔

وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ ملک میں مہنگائی ہے جھوٹ نہیں بولتا، چار غذائی اجناس اور ادویات کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں