کسانوں کے حقوق کیلئے احتجاج کرنیوالے بھارتی اداکارکار حادثے میں ہلاک ہوگئے

بھارت میں کسانوں کے حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے انسانی حقوق کے کارکن اور  بھارتی اداکار  ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پنجابی فلموں کے37 سالہ معروف اداکار دیپ سدھو بدھ کے روز بھارتی ریاست پنجاب سے نئی دہلی جاتے ہوئے ایک کار حادثے میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہائی وے پر ہونے والے حادثے میں دیپ سدھو کی کار ایک ٹرک سے ٹکراگئی تھی جس میں وہ شدید زخمی ہوئے، انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر انتقال کرگئے۔

دیپ سدھو مودی سرکار کی جانب سے کی گئی متنازع زرعی اصلاحات کے خلاف کسانوں کی تحریک میں پیش پیش تھے اور ان پر الزام تھا کہ وہ گذشتہ سال26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والےکسانوں کے پرتشدد احتجاج کی قیادت کرنے والوں میں سے ایک تھے۔

خیال رہےکہ گذشتہ سال 26 جنوری کے روز کسانوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا  تھا جس میں پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا تھا، احتجاج کے بعد کسانوں کو اکسانے کے الزام میں دیپ سدھو کو گرفتار کرلیا گیا تھا  اور انہیں 2 ماہ بعد ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

دیپ سدھو کے انتقال پر بھارتی اداکاراؤں اور سیاستدانوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ دیپ سدھو نے متعدد پنجابی فلموں میں کام کیا تھا اور انہیں پنجابی فلم فیئر سمیت مختلف ایوارڈ بھی ملے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں