نیٹ فلکس کی اشتہارات دکھانے کے لیے مائیکرو سافٹ سے شراکت داری

ویڈیو اسٹریمنگ کے مقبول ترین پلیٹ فارم نیٹ فلکس میں اشتہارات کی آمد ہورہی ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنی نے مائیکرو سافٹ سے شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔

اسٹریمنگ سروس کی جانب سے اشتہارات پر مبنی ایک سستا پیکج متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس کم قیمت آپشن کو متعارف کرانے پر مائیکرو سافٹ کمپنی گلوبل ایڈورٹائزنگ ٹیکنالوجی اینڈ سیلز پارٹنر بن جائے گی۔

نیٹ فلکس کے سی او او گریگ پیٹرز نے بتایا کہ ابھی اس حوالے سے کافی کام ہونا باقی ہے مگر ہمارا طویل المعیاد مقصد واضح ہے اور وہ ہے اپنے صارفین کو زیادہ آپشنز فراہم کرنا۔

دوسری جانب مائیکرو سافٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اشتہاری کمپنیاں ہمارے ساتھ ملکر نیٹ فلکس کے ایکوسسٹم میں اشتہارات لاسکیں گی۔

نیٹ فلکس نے مئی میں ایک کم قیمت اشتہارات پر مبنی پیکج کا اشارہ دیا تھا اور جون میں اس کی تصدیق کی تھی۔

ابھی کمپنی کی جانب سے اس پیکج کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا مگر خیال کیا جارہا ہے کہ 2022 کے آخر تک اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں